نئی دہلی : کرکٹ کو کافی حد تک پسند کرنے والے جمائیکا کے اسٹار اسپرنٹر یوہان بلیک چاہتے ہیں کہ اے بی ڈی ولیئرس بین الاقوامی کرکٹ سے اپنی سبکدوشی کے فیصلے کو واپس لیتے ہوئے جنوبی افریقہ کی عالمی سطح پر نمائندگی کریں اور خاص کر کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں وہ بین الاقوامی سطح پر وہ اپنی ٹیم کی نمائندگی کریں۔ دریں اثناء ڈی ولیئرس خود بھی ٹی 20 ورلڈکپ میں جنوبی افریقی ٹیم کی نمائندگی کے خواہاں ہیں جوکہ رواں برس کے اواخر ہندوستان میں کھیلا جائے گا اور اِس ضمن میں وہ آئی پی ایل کے اختتام کے بعد افریقی ٹیم کے کوچ مارک بوچر سے تبادلہ خیال بھی کریں گے۔ اتوار کو چینائی میں کھیلے گئے مقابلے کے دوران ڈی ولیئرس کی شاندار بیاٹنگ کے بعد بلیک نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ واہ ! ڈی ولیئرس اِس وقت ایک دوسرے ہی سطح پر موجود ہیں۔ جنوبی افریقہ آپ کو اِس کھلاڑی کی ضرورت ہے۔ بلیک نے ٹوئٹ کرتے ہوئے جہاں ایک جانب ڈی ولیئرس کی بیاٹنگ کی تعریف کی وہیں جنوبی افریقی ٹیم کو اِن کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اولمپکس میں سلور میڈل حاصل کرنے والے بلیک 100 میٹر کے نوجوان ترین عالمی چمپئن بھی ہیں، انھوں نے قبل ازیں رائل چیالنجرس کے لئے کرکٹ کھیلنے کی اپنی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے جہاں ویراٹ کوہلی اور ڈی ویلیئرس جیسے کھلاڑی موجود ہیں۔ گزشتہ دنوں جنوبی افریقی ٹیم کو پاکستان کے خلاف 4 مقابلوں کی ٹی 20 سیریز میں 3-1 کی شکست برداشت کرنی پڑی جس کے بعد اُمیدیں قوی ہونے لگیں کہ ورلڈکپ کے تناظر میں جنوبی افریقی ٹیم ڈی ولیئرس کو واپس طلب کرسکتی ہے۔ اِس ضمن میں مارک بوچر نے بھی کہا ہے کہ آئی پی ایل روانگی سے قبل ڈی ولیئرس سے اظہار خیال ہوا ہے اور تمام امکانات روشن ہیں۔