ورنگل۔ 12جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گورنمنٹ چیف وہپ ڈی ونئے بھاسکر ، کاکتیہ اوپن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی چیرمین مری یادو ریڈی نے شہر ورنگل میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے بھدرا کالی بینڈ و دیگر مقامات کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر چیف وہپ ڈی ونئے بھاسکر نے کہا کہ حیدرآباد کے بعد ورنگل تیزی سے ترقی پانے والا ضلع ہے ۔ اس تعلق سے ریاستی وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ ، ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ سنجیدگی سے کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر ورنگل اب تک کلچرل ، ٹورازم ، ایجوکیشن ہب تبدیل کرنے کیلئے کئی ایک ترقیاتی کاموں کو انجام دیا جاچکا ہے ۔ بھدرا کالی منی ٹینک بنڈ کو 32کروڑ کی لاگت سے ترقی دی جارہی ہے ۔ ویب ریزر ٹرائک ، پلے زون ، واٹر ٹرائک ، گارڈن و دیگر ترقیاتی کاموں کو انجام دیا جارہا ہے ۔ آنے والے دنوں میں یہاں پر فلموں کی شوٹنگ بھی ہوگی ۔ ریاستی سطح پر یہ بنڈ مقبول عام ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ جاریہ ماہ کی 17 تارخ کو ورنگل کا دورہ کرنے والے ہیں ۔ اس دورہ کے موقع پر کئی ایک ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ ورنگل دورہ کے موقع پر سب سے پہلے اسٹیشن گھن پور حلقہ میں 100ڈبل بیڈروم کیلئے سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ ٹرائی سٹی قاضی پیٹ میں 100گھروں کی تعمیر کا سنگ بنیاد کے علاوہ امبیڈکر نگر بالا سمدرم ہنمکنڈہ میں 590 تعمیر شدہ ڈبل بیڈروم کا افتتاح انجام دے کر مستحق خاندانوں میں گھروں کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ گھن پورہ میں پارک کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ ڈی ونئے بھاسکر نے کہا کہ ریاستی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ورنگل کی ترقی کیلئے اعلانات کئے ہے ، اس کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ترقی دی جارہی ہے ۔ اس موقع پر ڈی ڈی آئی اینڈ پی آر محمد مرتضیٰ اور کئی عہدیدار اجیت ریڈی ، کھیم راہ ودیگر موجود تھے ۔