ڈی ویلیئرزکی قیادت میں لاہور قلندرکامیاب

   

شارجہ۔23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان سوپر لیگ کے دسویں میچ میں ملتان سلطانز نے اپنے اوپنرز کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز کو جیتنے کے لیے 201 رنز کا ہدف دیا تھا۔ شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز کے بیٹسمینوں نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مقررہ20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کے دونوں اوپنرز نے وکٹ کے چاروں جانب دلکش اسٹروک کھیلے اور ابتدائی اوورز میں 11 رنز کی اوسط سے رنز بنائے۔ جیمز ونس اور عمر صدیق کی شانداربیٹنگ کے سامنے لاہور قلندرز کے بولرز بے بس نظر آئے۔ ان دونوں نے نصف سنچریاں بنائیں اور ان کے درمیان 135 رنز کی شراکت ہوئی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے جیمز وینس 84 اور عمر صدیق 53 رنز بنا ئے ۔ ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرزکی جانب سے فخر زمان اور سہیل اختر میدان میں اترے۔ فخر زمان نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے سات چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 63 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو جیت کیلئے اچھا آغاز دیا۔ ڈی ویلیرز نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ اس کے علاوہ ڈی وائز نے صرف 20 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔