ڈی ڈی ایل جے کے 30 سال مکمل

   

ممبئی، 20 اکتوبر (آئی اے این ایس) شاہ رخ خان اور کاجول کی مشہور فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے (ڈی ڈی ایل جے) نے ریلیز کے 30 سال مکمل کر لیے۔ یہ فلم آدیتیہ چوپڑا کی ہدایت کاری میں 20 اکتوبر 1995کو ریلیز ہوئی تھی اور آج بھی ممبئی کے مراٹھا مندر سینما میں نمائش پذیر ہے جس سے یہ ہندوستانی سنیما کی سب سے طویل عرصہ چلنے والی فلم بن چکی ہے۔ اس موقع پر کاجول نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئرکرتے ہوئے مداحوں کا شکریہ ادا کیا:ڈی ڈی ایل جے کے 30 سال آج مکمل ہوئے، لیکن یہ جس طرح دنیا بھر کے لوگوں کے دلوں میں بسی ہے، اسے وقت میں ناپا نہیں جا سکتا۔ آپ سب کا شکریہ کہ آپ نے اسے اس شاندار انداز میں چاہا۔اداکارہ نے ایک پوسٹر بھی شیئر کیا جس میں سوئٹزرلینڈ کے ریلوے اسٹیشن پر ایک برگر شاپ کے باہر فلم سے متاثر ایک اشتہار دکھایا گیا ہے۔ اس پوسٹر پر لکھا تھا: شاہ رخ نے کاجول کے کان میں کہا، چلو برگر کھانے چلتے ہیں۔کاجول نے کیپشن میں لکھا، دیکھیں یہ محبت کہاں تک جا پہنچی ہے۔