ڈی کے شیو کمار 2024 کے پارلیمانی انتخابات تک کرناٹک کانگریس کے صدر رہیں گے: وینو گوپال

   

بنگلورو:کرناٹک کے نئے وزیر اعلیٰ سدارمیا ہوں گے اور کانگریس پارٹی نے اس کا باضابطہ طور پر اعلان بھی کر دیا ہے۔ کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے دہلی میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس صدر نے فیصلہ کیا ہے کہ سدارمیا کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ہوں گے اور ڈی کے شیوکمار نائب وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ اس کے علاوہ ڈی کے شیوکمار لوک سبھا انتخابات ہونے تک کرناٹک کانگریس کے صدر کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ حلف برداری کی تقریب 20 مئی کو منعقد ہوگی۔قبل ازیں، کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار نے جمعرات کی شام کانگریس قانون ساز پارٹی کے اجلاس میں شرکت کے لئے تمام ایم ایل ایز کو ایک خط لکھ کر کرناٹک میں نئی حکومت کی تشکیل کا عمل شروع کر دیا ہے۔