بیجنگ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چینی عہدیداروں نے آج ادعا کیاکہ بیشتر قیدی جنھیں شمال مغربی ژنجیانگ کے ری ایجوکیشن کیمپوں میں رکھا گیا تھا، رہا کردیئے گئے۔ ژنجیانگ میں ماہرین اور انسانی حقوق گروپس نے کہاکہ لاکھوں افراد سیاسی نظریہ تسلیم نہ کرنے کی وجہ سے جن میں سے بیشتر مسلم اقلیتوں اور ایغور برادری سے تعلق رکھتے تھے، رہا کردیئے گئے اور نائب صدرنشین ژنجیانگ الکن تنیز نے ایک پریس کانفرنس میں اخباری نمائندوں سے کہاکہ کیمپوں میں قید تمام افراد اپنے معاشرے میں اور گھر واپس ہوچکے ہیں اور اُن میں سے بیشتر اپنی تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں اور روزگار حاصل کرچکے ہیں۔ بیجنگ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ژنجیانگ کے سرکاری عہدیداروں نے ری ایجوکیشن سنٹر کو مؤثر قرار دیا اور کہاکہ ایک یا دو سال کی کوشش کے ذریعہ بیشتر افراد کو تربیتی مراکز کو روانہ کردیا گیا تھا جہاں سے وہ اپنے سماج میں واپس ہوگئے ہیں۔
