کئی ریاستوں میں طوفانی بارش کا امکان، الرٹ جاری

   

نئی دہلی :ملک کے کئی حصوں میں شدید بارش اور سیلاب کی صورحال ہے۔کئی مقامات پر بادل پھٹنے اور لینڈ سلائیڈ کے واقعات بھی پیش آئے ہیں جس سے کئی علاقوں میں زبردست تباہی ہوئی ہے۔ کچھ ریاستوں میں حالات مزید خراب ہونے والے ہیں اور محکمہ موسمیات نے بارش کو لیکر الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔ دہلی سمیت اترپردیش، بہار، مدھیہ پردیش سے لیکر مہاراشٹرا تک زبردست بارش کی پیش قیاسی کی جارہی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا اور گجرات میں 20 سینٹی میٹر سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ اتراکھنڈ، مشرقی راجستھان، چھتیس گڑھ، بہار، جھارکھنڈ، سوراشٹر اور کچ، کونکن اور گوا کے علاوہ سرحدی کرناٹک میں بھی زبردست بارش ہونے کی پیشین گوئی ہے۔ مدھیہ پردیش میں زیادہ بارش کے مدنظر ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ بہار، جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ، گجرات کے کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بہار کے 9 اضلاع کے لیے آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے ساتھ زبردست بارش کو لے کر ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔