کئی ریاستوں میں مانسون کی آمد،یوپی میں 72گھنٹوں میں 7اموات

   

ہماچل‘ مہاراشٹرا اورراجستھان سمیت 22ریاستوں میں 4دنوں تک بارش کا امکان

نئی دہلی: ملک کی کئی ریاستوں میں مانسون کی آمد کے ساتھ ہی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق26 جون کو شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں بارش ہو گی۔مانسون کے بادل مشرقی راجستھان، شمالی مدھیہ پردیش اور مغربی یوپی پر منڈلا رہے ہیں۔ مہاراشٹرا کے ممبئی اور آس پاس کے علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہے۔ مانسون تیزی سے ممبئی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ایم ‘ راجستھان سمیت 22 ریاستوں میں آئندہ چار تا پانچ دنوں تک اوسط سے شدید بارش کا امکان ہے۔اتر پردیش میں آسمانی بجلی گرنے سے 72گھنٹوں میں 7افراد فوت ہوچکے ہیں ۔ ہماچل کے کئی شہروں میں 28 جون تک موسم خراب رہے گا۔کیدارناتھ روڈ پر مان پور کے قریب بارش کی وجہ سے سڑکوں پر درخت گر گئے ہیں۔ جس کی وجہ سے سڑک بند ہے۔ انتظامیہ نے سفر کے دوران محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ دہرادون میں ہفتہ کی رات سے وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ اتراکھنڈ میں شدید بارش کے پیش نظر کیدارناتھ یاترا روک دی گئی ہے۔ دوسری طرف اترکاشی کے پرولا کے کنڈیال گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے چار لوگوں کے شدید جھلس جانے کی خبر ہے۔ اس میں ایک نوجوان کی ہاسپٹل لے جاتے وقت موت ہو گئی۔ متوفی کی شناخت ابھیشیک (20) ولد دھیرج پال ساکن کنڈیال گاؤں کے طور پر کی گئی ہے۔مہاراشٹرا کے علاوہ کرناٹک ‘تلنگانہ اور دیگر جنوبی ریاستوں میں بھی مانسون کی آمد کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔