اسرائیل۔ایران تنازعہ
وزیر اعظم مودی سے مدد کا مطالبہ ، 61 افرادکی ٹیم مشکلات کا شکار
تہران۔14؍جون (ایجنسیز )اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے کئی ممالک نے سیکورٹی اسباب کی بنا پر اپنی ہوائی خدمات بند کر دی ہیں۔ ہندوستان سے بھی ان ممالک کیلئے ہوائی خدمات بند ہیں۔ نتیجہ یہ ہے کہ بیرون ملک میں موجود ہندوستانی شہری بڑی تعداد میں پھنس گئے ہیں۔ ان پھنسے ہوئے لوگوں میں جیسلمیر کے 3 ایسے لوگ بھی شامل ہیں جو ہندوستان پہنچنا چاہتے ہیں لیکن جارجیا سے نکل نہیں پا رہے ہیں۔ اس گروپ نے حکومت ہند سے گزارش کی ہے کہ انھیں بہ حفاظت جارجیا سے نکال کر ہندوستان پہنچنے کی راہ نکالی جائے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق راجستھان سے جارجیا گئے چارٹرڈ اکاؤنٹینٹس ایسو سی ایشن کے 61 راجستھانی شہری بھی اسرائیل۔ایران جنگ کی وجہ سے جارجیا میں پھنس گئے ہیں۔ ان راجستھانی شہریوں میں بڑی تعداد میں چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ اور ان کے گھر والے شامل ہیں۔ یہ چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ جارجیا میںایک کانفرنس میں شرکت کیلئے گئے تھے۔ اس کیلئے جیسلمیر کے سی اے بھاوِک بھاٹیا نے وزیر اعظم ، وزیر خارجہ جئے شنکر سے بہ حفاظت باہر نکالنے کی گزارش کی ہے۔
راجستھان ٹیکس کنسلٹنٹ ایسو سی ایشن کے 61 لوگوں کی ٹیم اہل خانہ کے ساتھ 8 جون کو بذریعہ فلائٹ جئے پور سے جارجیا گئی تھی۔ وہاں جارجیا کے تبلیسی شہر میں ریزیڈنشیل ریفریشر کورس کا انعقاد تھا۔ اس میں سبھی سی اے اپنی فیملی کے ساتھ گئے تھے، جن میں 3 بچے بھی شامل ہں۔ سبھی کو 13 جون کو واپس ہندوستان لوٹنا تھا ۔ یہ گروپ جمعہ کے روز جارجیا سے شارجہ ہوتے ہوئے ہندوستان لوٹنے والا تھا لیکن فلائٹ کینسل ہونے سے وہ وہاں پھنس گئے۔ حالانکہ جارجیا میں جنگ جیسے حالات نہیں ہیں اور سبھی لوگ ہوٹلوں میں محفوظ ہیں لیکن جنگ کے خوف سے سبھی لوگ جلد از جلد ہندوستان پہنچنا چاہتے ہیں۔
