لندن: ہندوستانی ٹیم سے باہرچل رہے سینئر ٹسٹ بلے باز چیتشور پجارا انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔سسیکس ٹیم کے لیے کھیلتے ہوئے انھوں نے جمعہ کو اپنے تیسرے میچ میں اپنی تیسری سنچری بنائی۔پجارا نے اپنی اننگ میں 167 گیندوں پر 107 رنز بنائے ۔ اس اننگ میں انہوں نے 13 چوکے بھی لگائے ۔ پجارا کی اس اننگ کی مدد سے ان کی ٹیم ڈرہم کے خلاف اچھی برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ ڈرہم کی ٹیم پہلی اننگ میں 223 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔گزشتہ چند میچوں میں ہندوستان کے لیے کھیلتے ہوئے پجارا کی فارم کچھ خاص نہیں تھی۔ تاہم جب سے وہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے چلے گئے ہیں، اچھی کارکردگی کا مظاہرہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس چیمپئن شپ کے دوران انہوں نے پانچ اننگز میں تین سنچریاں اسکور کی ہیں جن میں ایک ڈبل سنچری بھی شامل ہے ۔ووسٹر شائر کے ہاتھوں سسیکس کی 34 رن سے شکست میں انہوں نے پہلی اننگ میں 109 رنز بنائے ، اس کے بعد دوسری اننگ میں 12رن۔جب ہندوستان اس سال کے آخر میں پچھلے سال ملتوی کئے گئے پانچویں ٹسٹ کے لئے انگلینڈ کا سفر کرے گا توپجارا کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر ہندوستانی اسکواڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے ۔ اس سال کے شروع میں جنوبی افریقہ میں سیریز ہارنے کے بعد پجارا کو ہندوستانی ٹسٹ ٹیم سے باہر کردیا گیا تھا۔