کابل دھماکہ : مہلوکین میں ایک ہندوستانی بھی شامل

   

نئی دہلی 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزارت اُمور خارجہ نے کہا ہے کہ افغان دارالحکومت میں آج ایک دہشت گرد حملے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک ہندوستانی بھی شامل ہے اور مطالبہ کیاکہ اس حملے کے سازشیوں اور اُنھیں پناہ و امداد فراہم کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ طالبان نے کابل کے اس دھماکہ کی ذمہ داری قبول کرلی جس سے پڑوسی علاقے بھی دہل گئے تھے۔ وزارت اُمور خارجہ نے اپنے بیان میں کہاکہ ’ہندوستان کابل میں ہوئے اس خوفناک حملے کی سخت مذمت کرتا ہے جس میں ایک ہندوستانی شہری اور کئی دوسرے اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے‘۔ مہلوک ہندوستانی شہری کی نعش وطن روانہ کرنے کے لئے کابل میں ہندوستانی سفارت خانہ کی طرف سے کوشش کی جارہی ہے۔ وزارت اُمور خارجہ نے کہاکہ ’اس بزدلانہ حملے کے متاثرہ خاندانوں سے ہم دلی تعزیت اور زخمیوں کی عاجلانہ صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں‘۔