کابل سے دہلی و امرتسر کیلئے کارگو پروازیں شروع کرنے کا اعلان

   

نئی دہلی ،کابل،25 نومبر (آئی اے این ایس) ہندوستانی وزارتِ خارجہ نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ ہندوستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کابل کو دہلی اور امرتسر سے جوڑنے والے دو نئے فضائی مال برداری (ایر فریٹ) کوریڈورزکا آغاز کیا جا رہا ہے۔ وزارت نے یہ بھی بتایا کہ دونوں ممالک اپنی سفارت خانوں میں کمرشل نمائندوں کا تقررکریں گے اور باہمی تجارت و تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری قائم کریں گے۔کابل ۔ دہلی اور کابل۔ امرتسر فضائی کوریڈورزکا اعلان ہندوستان کے وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل اور ان کے افغان ہم منصب الحاج نورالدین عزیزکے درمیان مذاکرات کے بعد ہوا۔ عزیز 19 سے 25 نومبر تک ہندوستان کے دورے پر تھے۔ ان کا یہ دورہ روایتی تجارتی بہاؤ خاص طور پر زرعی اور دواسازی کی مصنوعات کے دوبارہ آغاز اور حالیہ برسوں میں متاثر ہونے والے لاجسٹک روابط کی بحالی کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔ فضائی راستوں کی بحالی زمینی راستوں کے مقابلے میں ایک قابلِ اعتماد متبادل فراہم کرے گی۔ دونوں وزراء نے تجارت میں سہولت، منڈی تک رسائی، رابطہ کاری اور استعداد بڑھانے سمیت کئی اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزراء نے تجارت، صنعت اور سرمایہ کاری پر مشترکہ ورکنگ گروپ کی بحالی کا خیرمقدم کیا اور کان کنی سمیت کئی ہائی ویلیو شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔ عزیزی نے وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر سے بھی ملاقات کی، جہاں دونوں فریقوں نے تجارت، رابطہ کاری اور عوامی روابط کے امور پر گفتگو کی۔ وزارتِ خارجہ نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے اس عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ اقتصادی روابط کو مزید گہرا کرنا چاہتے ہیں اور تجارت و سرمایہ کاری میں مضبوط تعاون کے خواہاں ہیں۔ ہندوستان نے کہا کہ وہ افغانستان کے ساتھ ایسے انداز میں کام کرنے کے لیے پرعزم ہے جس سے دونوں ملکوں کے عوام کو پائیدار فائدہ پہنچے۔ اپنے دورے کے دوران عزیزی نے انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر میں بھی شرکت کی، جہاں افغان تاجروں نے متعدد اسٹالز لگائے تھے۔ انہوں نے نمائش کنندگان سے ملاقات کی اور افغانستان کے ثقافتی پویلین کا دورہ بھی کیا۔ وفد نے متعدد صنعتی اداروں، بشمول زرعی و پروسیسڈ فوڈ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی، کاٹن ٹیکسٹائل ایکسپورٹ پروموشن کونسل، کاٹن کارپوریشن آف انڈیا، اپیرل ایکسپورٹ پروموشن کونسل، اور مین میڈ و ٹیکنیکل ٹیکسٹائل ایکسپورٹ پروموشن کونسل سے ملاقات کی۔ وزیر کے وفد نے پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ایسوچیم اور فارماسیوٹیکل ایکسپورٹ پروموشن کونسل آف انڈیا کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ گفتگو میں افغانستان کو زرعی مصنوعات، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی طویل مدتی سپلائی کے طریقہ کار پر بات ہوئی۔