فضائیہ کے طیارے جام نگر اور غازی آباد پہونچے
نئی دہلی : ہندوستانی فضائیہ کا طیارہ افغانستان سے زائداز 150 ہندوستانیوں کو لے کر منگل کو گجرات میں جام نگر ایرفورس بیس اسٹیشن پہونچا ۔ افغانستان سے واپس ہونے والوں میں ہندوستانی سفیر ردریندر ٹنڈن شامل ہیں۔ طیارے نے حامد کرزئی ایرپورٹ سے صبح 8 بجے اُڑان بھری تھی اور 11.30 بجے دن جام نگر میں لینڈنگ کی۔ مسافرین میں ہندوستانی سفارت خانہ کے ملازمین اور افغانستان میں مختلف پراجکٹوں سے وابستہ پروفیشنلس شامل ہیں۔ دریں اثناء فضائیہ کا ایک اور خصوصی طیارہ زائداز140ہندوستانیوں کو لے کر غازی آباد کے آئی اے ایف کے ہنڈن ایئر بیس پر پہونچا۔ ذرائع کے مطابق ہندوستانی فضائیہ کا C-17گلوب ماسٹر طیارہ میں چار صحافیوں کے ساتھ انڈو تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کے اہلکار اورکابل میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ کے عملے اور افسران واپس ہوئے ہیں ۔ یہ طیارہ ایران کے راستے ہندوستان پہونچا کیونکہ پاکستان کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قبل ازیں وزارت خارجہ نے بتایا تھا کہ افغانستان میں بگڑتی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے کابل میں ہندوستانی سفارت خانے کے تمام ملازمین اور سفیر کو فوری واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔