اسلام آباد: افغانستان کے دارالحکومت کابل سے امریکی فلمساز اور ان کے افغان مترجم کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ دوحہ میں قائم افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ وہ ان افراد کی رہائی کے لیے طالبان حکام سے بات کریں گے۔اطلاعات کے مطابق بدھ کو پیش آنے والے اس واقعے میں امریکی فلم ساز آئیور شیرر اور ان کے افغان ترجمان فیض بخش کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔وائس آف امریکہ کی جانب سے اس حوالے سے کابل پولیس اور طالبان ترجمان کو پیغام بھیجا گیا، لیکن تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں طالبان کی جانب سے صحافیوں پر تشدد اور اْنہیں حراست میں لیے جانے کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ حال ہی میں پاکستانی صحافی انس ملک اور ان کے دو افغان معاونین کو بھی حراست میں لے لیا گیا تھا، تاہم پاکستانی سفارت خانے کی مداخلت کے بعد 24 گھنٹوں بعد انس ملک کو رہا کر دیا گیا تھا۔