کابل میں دھماکے، 5 افراد ہلاک

   

کابل: افغانستان کے دارالحکومت میں مختلف مقامات پر تین کاروں کو دھماکوں سے اْڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ کابل میں آج مختلف مقامات پر 3 دھماکے ہوئے اور حیران کن طور پر تینوں دھماکوں میں کرولا کار کو نشانہ بنایا گیا۔ تینوں کار میں شہری سوار تھے جب کہ ایک کار میں خاتون سمیت بچے بھی موجود تھے۔پہلا دھماکہ دارالامن روڈ پر ہوا جس میں خوش قسمتی سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی تاہم کار میں سوار دو افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے جب کہ دوسرا دھماکہ کارتہ پروان میں ہوا جس میں خاتون سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔اسی طرح تیسرے دھماکے میں بھی ایک کرولا کار کو نشانہ بنایا گیا جس میں 2 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ پولیس نے تینوں کارروائیوں کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا۔