کابل۔ 31ڈسمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پچھلے ایک ہفتے میں شدید فضائی آلودگی سے کم از کم 17لوگوں کی موت ہوگئی ہے ۔وزارت صحت کے ایک سینئر افسر نے یہ اطلاع دی ہے ۔افسر فدا محمد پیکان نے بتایا کہ پچھلے ایک ہفتے میں فضائی آلودگی کی وجہ سے سانس کے امراض میں مبتلا آٹھ ہزار سے زیادہ مریض اسپتال آئے تھے اور ان میں سے 17لوگوں کی موت ہوگئی ہے ۔کابل شہر دنیا کے سب سے آلودہ شہروں کی فہرست میں شمار ہے اور لوگوں کی حالت کے پیش نظر ماحولیات کا تحفظ کرنے والی قومی ایجنسی نے کابل میونسپل کارپوریشن اور وزارت داخلہ کے ساتھ مل کر انسداد آلودگی مہم کی شروعات کی ہے ۔اس میں کہا گیا ہے کہ مناسب معیاروں پر عمل نہ کرنے والی ایجنسیوں اور تجارتی اداروں کو بند کیاجاسکتا ہے ۔ افغانستان کے پہاڑی علاقوں میں ٹھنڈ سے بچنے کے لئے لوگ کمروں اور دفتروں کو گرم کرنے میں کم معیار کے ایندھن کا استعمال کرتے ہیں اور یہ بھی سانس کے امراض کی ایک بڑی وجہ ہے ۔