کابل میں پھنسے منچریال کے شخص کے تحفظ کیلئے حکومت سے اپیل

   

امریکی سفارت خانہ کے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے دو ملازمین قطر منتقل

حیدرآباد۔18 ۔اگست (سیاست نیوز) افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد کابل میں پھنسے ہوئے تلنگانہ کے ایک ملازم نے حکومت ہند سے انہیں وطن واپس آنے میں مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ بی راجنا کابل میں پھنسے ہوئے ہیں جن کا تعلق منچریال سے ہے۔ 44 سالہ راجنا جو کابل میں ایک کنسٹرکشن کمپنی میں سوپر وائزر کی حیثیت سے ملازم ہیں، 22 دن کی چھٹی کے بعد 8 اگست کو کابل واپس ہوئے تھے۔ راجنا کو اپنی فی الفور واپسی کا یقین نہیں ہے کیونکہ کابل سے کمرشیل فلائٹس کی اڑانیں بند ہیں۔ منچریال میں ان کے افراد خاندان سلامتی کے بارے میں فکرمند ہیں اور انہوں نے تلنگانہ حکومت سے اس معاملہ میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔ راجنا کے مطابق طالبان نے ملک کا مکمل طور پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور یہ ہر کسی کے لئے حیرت کا باعث رہا۔ راجنا گزشتہ 4 برسوں سے کابل میں ملازمت انجام دے رہے ہیں۔ اسی دوران کابل کے امریکی سفارت خانہ میں خدمات انجام دینے والے تلنگانہ کے دو افراد کو امریکی حکام نے قطر منتقل کردیا ہے۔ ان دونوں کو قطر کے ایر بس میں رکھا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کریم نگر اور نظام آباد سے تعلق رکھنے والے دونوں افراد کی واپسی کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی ۔ کریم نگر سے تعلق رکھنے والے شخص کی گزشتہ چار برسوں سے امریکی سفارت خانوں میں ملازمت تھی جبکہ نظام آباد کے ورکر صرف 4 ماہ سے ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔ R