کابل میں یکے بعد دیگرے تین بم دھماکے، دس افراد ہلاک

   

Ferty9 Clinic

کابل ۔ 25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جمعرات کے روز دارالخلافہ یکے بعد دیگرے تین بم دھماکوں سے دہل گیا جس میں کم و بیش 10 افراد ہلاک ہوگئے جن میں پانچ خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہیں۔ خودکش حملہ آور ایک موٹر سائیکل پر سوار تھا جس نے ایک بس کے روبرو خود کو دھماکہ سے اڑا لیا۔ بس میں وزارت کانکنی کے ملازمین سوار تھے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیم نے یہ بات بتائی۔ اس دھماکہ کے کچھ دیر بعد کابل کے مشرقی علاقہ میں ایک خودکش کار بم حملہ کیا گیا جس کے بارے میں پولیس آفیسر عبدالرحمن نے بتایا کہ حملہ اور نے بین الاقوامی اتحادی افواج کو نشانہ بنایا تھا۔ دوسری طرف اتحاد نے ایسوسی ایٹیڈ پریس کو بتایا کہ کابل دھماکوں میں اس کی فوج ملوث نہیں ہے۔ تیسرا دھماکہ ایک چھوٹے مقناطیسی آلے سے کیا گیا تھا تاہم اس دھماکہ میں کوئی ہلاک نہیں ہوا۔ ان تمام دھماکوں میں زخمی ہونے والوں کی مجموعی تعداد 41 ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان وحیداللہ مائر نے یہ بات بتائی۔