کابل ٹرک بم دھماکہ کی ذمہ داری طالبان نے لی، مزید دھماکوں کی دھمکی

   

کابل ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دارالحکومت میں ایک طاقتور ٹرک دھماکہ کی ذمہ داری طالبان نے لی ہے جس سے آس پاس کے علاقوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جبکہ ہلاکتوں کی تعداد چار اور زخمی ہونے والوں کی تعداد 100 بتائی گئی ہے۔ طالبان نے سابق جاسوس اور طالبان مخالف عمراللہ صالح کو وزیرداخلہ بنانے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے اپنے ایک پیغام میں اسی نوعیت کے مزید دھماکے کرنے کی دھمکی دی۔ دھماکہ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ دھماکہ کی آواز کابل شہر کے دوردراز علاقوں تک بھی سنی گئی۔ ابتداء میں دھماکہ کے قطعی مقام کا پتہ لگانے میں پس و پیش پایا جارہا تھا۔ آس پاس کی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے چکناچور ہوگئے۔ دوسری طرف طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے واٹس ایپ پر صحافیوں کو بتایا کہ چار حملہ آوروں نے دھماکو اشیاء سے لدے ہوئے ایک ٹرک کو دھماکہ سے اڑا دیا اور بعدازاں ’’گرین ولیج‘‘ میں داخل ہوکر متعدد غیرملکی افراد کو قتل کردیا۔ چار افراد کے قتل کی توثیق ہوگئی ہے جبکہ زخمیوں کی قطعی تعداد 113 بتائی گئی ہے۔ مہلوکین میں اکثریت افغان شہریوں کی ہے۔