کابل کی مسجد میں دھماکہ ، امام کے بشمول 20 نمازی جاںبحق

,

   

کابل : افغانستان کے دارالحکومت کابل کی ایک مسجد میں آج رات طاقتور دھماکہ پیش آیا جس میں 20 مصلی جاں بحق ہوگئے ۔ دیگر درجنوں زخمی ہونے کی اطلاع بھی ہے ۔ بتایا گیا کہ یہ دھماکہ نامور اسکالر عامر محمد کو نشانہ بنانے کیلئے کیا گیا تھا جس میں وہ زخمی ہوگئے ۔ البتہ دھماکہ میں مسجد کے امام شہید ہوگئے ۔ چہارشنبہ کی رات عشاء کی نماز کے دوران کابل کے خیر خانہ علاقہ کی صدیقہ مسجد میں دھماکہ کیا گیا ۔ دھماکہ اس قدر طاقتور تھا کہ کئی کلو میٹر دور آواز سنی گئی ۔ مسجد میں ہر طرف انسانی اعضاء بکھرے پائے گئے ۔ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ کا اندیشہ ہے ۔ عینی شاہدین اور پولیس نے کہا کہ کابل کے ایمرجنسی ہاسپٹل کو میتوں کے ساتھ ساتھ زخمیوں کو بھی پہنچایا گیا جہاں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔متاثرہ علاقہ کابل کا شمالی حصہ ہے ، جہاں دھماکہ کے اثر سے آس پاس کی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ انٹلیجنس کی ٹیمیں مقام واقعہ پر پہنچ گئیں اور تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔ طالبان حکومت نے جاں بحق ہونے والوں کی ٹھیک ٹھیک تعداد بتانے سے گریز کیا ہے ۔