کابل /3 جون (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے دارالحکومت کابل کی ایک مسجد میں دھماکے میں امام ملا ایاز نیازی کی ہلاکت پر جہاں افغان اعلیٰ حکام نے مذمت کی ہے وہاں طالبان کی جانب سے بھی مذمتی بیان سامنے آیا ہے۔کابل کے گرین زون میں واقع مشہور مسجد وزیر اکبر خان میں منگل کی شام بم دھماکہ ہوا تھا۔ دھماکے میں دو افراد ہلاک جب کہ دو زخمی ہوئے تھے۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آریان کے مطابق مسجد میں شام ساڑھے سات بجے اس وقت دھماکہ ہوا جب نمازی مغرب کی نماز ادا کر چکے تھے۔دھماکے کی شدت سے قریب کی دیگر عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جب کہ سیکیورٹی حکام نے مسجد میں نصب ایک اور بم ناکارہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا۔خیال رہے کہ ایاز نیازی نے اسلامی تعلیمات میں پی ایچ ڈی کیا تھا۔ ان کی رہائش مسجد کے ساتھ واقع عمارت میں تھی۔ نماز کے بعد وہ اپنے گھر واپس جا رہے تھے جب دھماکہ ہوا جس کی زد میں آ کر وہ زخمی ہوئے۔
افغانستان میں بم دھماکہ 9 ہلاک
کابل، 03 جون (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے جنوبی صوبہ قندھار میں بدھ کو ایک کار کے سڑک کنارے بم سے ٹکرا جانے سے نو لوگوں کی موت ہوگئی اور پانچ دیگر زخمی ہوگئے ۔ذرائع نے آج صبح ارگستان ضلع میں ایک کار کے سڑک کنارے نصب بم کی زد میں آنے سے نو لوگوں کی موت ہوگئی اور پانچ دیگر زخمی ہوگئے ۔انہوں نے بتایا کہ یہ بم طالبان نے نصب کیا تھا حالانکہ طالبان نے اب تک اس پر کسی طرح کی رائے کا اظہار نہیں کیا ہے ۔