چندی گڑھ ۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب کے چیف منسٹر کیپٹن امریندر سنگھ اور مرکزی وزیر ہرسمرتھ کور بادل نے افغانستان کے دارالحکومت کابل کے گردوارہ میں خودکش حملے کی شدید مذمت کی جس میں 13 افراد ہلاک ہوگئے۔ امریندر سنگھ نے اس حملے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلح افراد اور خودکش بم بردار کابل کے ایک گردوارہ میں داخل ہوئے اور دھماکہ کیا جس میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ افغانستان میں اقلیتوں کے کسی مذہبی اجتماع پر یہ خونریز حملہ تھا۔ مرکزی وزیر بھٹنڈا کی رکن پارلیمنٹ ہرسمرتھ کور نے کہا کہ انہوں نے وزیر خارجی اُمور ایس جئے شنکر سے درخواست کی ہے کہ وہ ہندوستانی ہائی کمیشن کو ہدایت جاری کرتے ہوئے سکھوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔