کابینہ میں آج توسیع ، 8تا 10 ارکان کی شمولیت متوقع

   

متوقع وزراء سے کے سی آر کا فون پر ربط ، کے ٹی آر ، ہریش راؤ کی شمولیت پر تجسس

حیدرآباد ۔18 فبروری ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 19فبروری کو کابینہ میں توسیع کریں گے جس کے پیش نظر حکمراں جماعت کے کئی سینئر قائدین وزارتی عہدوں کے حصول کے بارے میں فکرمند ہیں ۔ ریاستی کابینہ میں بشمول چیف منسٹر کے سی آر اور وزیر داخلہ محمد محمود علی صرف دو وزراء موجود ہیں ۔ چنانچہ مزید 16 وزراء کی شمولیت کی گنجائش ہے ۔ تاہم منگل کو 11:30 بجے دن راج بھون میں 8 تا 10 ارکان کو حلف دلایا جائے گا جس کے بعد چیف منسٹر کی طرف سے قلمدان تقسیم کریں گے ۔ کے سی آر لوک سبھا انتخابات کے بعد اپنی کابینہ میں مزید ایک مرتبہ توسیع کرنے کا منصوبہ بھی رکھتے ہیں ۔ باخبر ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو اپنی پارٹی کے چند قائدین کو کابینہ میں ہونے والی توسیع سے واقف کرواتے ہیوئے 11:30 بجے دن راج بھون میں موجود رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ای دیاکر راؤ ، ایس نرنجن ریڈی ، وی سرینواس گوڑ ، کپولا ایشور ، ایٹالہ راجندر ، اندرا کرن ریڈی ، ملاریڈی ، ٹی سرینواس یادو بھی ان قائدین میں شامل ہیں جنہیں چیف منسٹر کا ٹیلی فون کال موصول ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق کے سی آر چاہتے ہیں کہ ان کے فرزند اور سرسلہ کے رکن اسمبلی کے ٹی راما راؤ کارگذار صدر کی حیثیت سے پارٹی کے اُمور پر ہی توجہ مرکوز کریں ۔ علاوہ ازیں ٹی ہریش راؤ ، پدما راؤ ، لکشما ریڈی اور جوگو رامنا کی اس مرتبہ کابینہ میں شمولیت متوقع نہیں ہے ۔ اگرچہ انہیں بھی کل کابینہ میں توسیع کی تقریب میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے لیکن ان کے علاوہ چند دوسرے امیدوار بھی دوڑ میں شامل ہیں ۔ یہ ہنوز واضح نہیں ہوسکا کہ کے ٹی راما راؤ ، ہریش راؤ ، سابق ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی اور چند دوسروں کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا ۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد کابینہ میں ایک اور توسیع متوقع سمجھی جارہی ہے ۔محمد محمود علی پہلے ہی کابینہ میں شامل کئے جاچکے ہیں ، اب ٹی سرینواس یادو اور سی ایچ ملاریڈی کی کابینہ میں شمولیت کی صورت میں شہر سے تعلق رکھنے والے وزراء کی تعداد تین ہوجاسکتی ہے ۔