پہلے مرحلے میںبشمول دو نئے چہرے 7 وزراء کی شمولیت متوقع ، متعدد قائدین سرگرم
حیدرآباد۔ 27 جنوری (این ایس ایس) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی پانچ روزہ خصوصی پوجا ’مہا چنڈی یاگم‘ کے اختتام سے ریاست میں وزارتی عہدہ کے خواہش مند ارکان اسمبلی میں ایک نئی امید پیدا ہوگئی ہے۔ وزیر بننے کے خواہش مند افراد کو توقع ہے کہ 31 جنوری کو یا فروری کے پہلے ہفتہ کے دوران کابینہ میں توسیع ہوسکتی ہے۔ ان کا خیال ہے کہ دستور کے مطابق تمام 17 وزراء کی شمولیت کے بجائے فی الحال کابینہ میں توسیع کا عمل محدود رہے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ کابینہ میں توسیع کی بعض ناگزیر وجوہات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی مقننہ کا بجٹ سیشن بہت جلد شروع ہوگا جس میں علی الحساب موازنہ پیش کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ فروری کے تیسرے یا چوتھے ہفتہ میں بجٹ سیشن منعقد ہوگا۔ حکمراں پارٹی ٹی آر ایس کے قائدین کا احساس ہے کہ کابینہ کے بغیر بجٹ سیشن جاری نہیں رکھا جاسکتا چنانچہ بجٹ سیشن سے قبل کابینہ میں توسیع یقینی سمجھی جارہی ہے۔ اس ضمن میں سابق وزراء کے ٹی راما راؤ، ایٹالہ راجندر، ٹی ہریش راؤ ، سی لکشما ریڈی، ٹی پدما راؤ، جوگو رامنا، اے اندرا کرن ریڈی اور کڈیم سری ہری کے نام لئے جارہے ہیں۔ یہ قیاس آرائیاں بھی گشت کررہی ہیں کہ ای دیاکر راؤ، کپولا ایشورت پدما دیویندر ریڈی، کابینہ میں توسیع کے پہلے مرحلے میں چیف منسٹر کا حیرت انگیز انتخاب ہوسکتے ہیں۔