پرکاش راج کو راجیہ سبھا کی پیشکش کے بعد 2 نشستوں پر مسابقت، کابینہ میں نمائندگی سے محروم طبقات کے قائدین سرگرم
حیدرآباد۔/25 فروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی قومی سیاست میں اہم رول ادا کرنے سے متعلق سرگرمیوں کے آغاز کے بعد کابینہ میں تبدیلی اور راجیہ سبھا کی 3 نشستوں کیلئے ٹی آر ایس میں زبردست سرگرمیاں شروع ہوچکی ہیں۔ ریاستی کابینہ میں ایک نشست طویل عرصہ سے مخلوعہ ہے۔ گزشتہ مئی میں ایٹالہ راجندر کی برطرفی کے بعد سے اس نشست پر کئی ارکان اسمبلی و کونسل کی نظریں ہیں اور ہر کوئی اپنے طبقات کی نمائندگی کم ہونے کی شکایت کرتے ہوئے اپنی دعویداری پیش کررہے ہیں۔ گزشتہ سال ڈسمبر میں ایم ایل سی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے رکن راجیہ سبھا بنڈا پرکاش نے استعفی دیا تھا اور راجیہ سبھا کی یہ نشست خالی ہے جبکہ جون میں 2 ارکان ڈی سرینواس اور کیپٹن لکشمی کانت راؤ کی میعاد ختم ہورہی ہے۔ واضح رہے کہ ڈی سرینواس طویل عرصہ سے ٹی آر ایس کی سرگرمیوں سے دور ہوچکے ہیں جبکہ انہوں نے میعاد کی تکمیل کے ساتھ ہی کانگریس میں واپسی کا من بنالیا ہے۔ بنڈا سرینواس کے استعفی کے بعد اس نشست کیلئے مزید دو سال کی مدت باقی ہے اور اپریل 2024 میں میعاد ختم ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ حضور آباد اسمبلی نتیجہ کے بعد سے چیف منسٹر کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں لیکن کسی نہ کسی وجہ سے یہ کام ملتوی ہورہا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق قومی سیاست میں حصہ داری سے متعلق مصروفیت کے باقاعدہ آغاز سے قبل چیف منسٹر کابینہ میں تبدیلی کریں گے۔ ایک نشست کیلئے جو اہم دعویدار ہیں ان میں یم ایل سی کے کویتا، کڈیم سری ہری اور دیگر قائدین شامل ہیں۔ جن طبقات کو کابینہ میں نمائندگی نہیں ہے ان کے قائدین سرگرم ہوچکے ہیں۔ راجیہ سبھا کی 3 نشستوں میں ایک نشست بتایا جاتا ہے کہ فلم اسٹار پرکاش راج کیلئے مختص کی جائے گی جو قومی سطح پر مختلف جماعتوں کی تائید کے حصول میں کے سی آر کی مدد کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کی پیشکش پر پرکاش راج نے تاحال کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ باقی 2 نشستوں کیلئے کئی قائدین نے اپنی دعویداری پہلے ہی پیش کردی ہے۔ کابینہ میں چیف منسٹر کے بشمول 18 وزراء ہیں جبکہ دوسری میعاد کے آغاز پر فروری 2019 تک چیف منسٹر اور واحد وزیر محمد محمود علی پر مشتمل کابینہ تھی۔ دو ماہ سے زائد عرصہ تک دو رکنی کابینہ جاری رہی جس کے بعد کابینہ میں توسیع کی گئی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ میں توسیع اور راجیہ سبھا کی 3 نشستوں کے امیدواروں سے سے متعلق فیصلہ چیف منسٹر اسمبلی کے بجٹ سیشن کے بعد کریں گے۔ر