حیدرآباد۔22۔اگسٹ(سیاست نیوز) ریاستی کابینہ میں توسیع کے علاوہ نامزد عہدوں پر تقررات کے علاوہ تلنگانہ پردیش کانگریس کے متعلق پارٹی اعلیٰ کمان سے مشاورت کے لئے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر اے ریونت ریڈی آج رات دہلی روانہ ہوئے ۔ ریونت ریڈی کے ہمراہ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرمارک اور محترمہ دیپا داس منشی انچارج جنرل سیکریٹری تلنگانہ امور بھی دہلی پہنچ چکی ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر اور تلنگانہ کے ذمہ دار اپنے دہلی میں قیام کے دوران پارٹی صدر مسٹر ملکارجن کھرگے ‘ مسز سونیا گاندھی‘ مسٹر راہول گاندھی ‘ مسزپرینکا گاندھی کے علاوہ پارٹی جنرل سیکریٹری مسٹر کے سی وینو گوپال سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی کے امور بالخصوص صدرپردیش کانگریس تلنگانہ کے انتخاب کے علاوہ کابینہ کی توسیع کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کریں گے ۔ اس کے علاوہ تلنگانہ میں موجود کارپوریشنس اور دیگر اداروں میں نامزد عہدوں پر تقررات کے سلسلہ میں مشاورت کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر اپنے دورۂ دہلی کے دوران پارٹی قیادت کو حکومت تلنگانہ کی جانب سے کسانوں کے قرض معافی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے متعلق واقف کرواتے ہوئے ورنگل میں مجوزہ جلسہ عام میں شرکت کے لئے مسٹر راہول گاندھی اور صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی مسٹر ملکارجن کھرگے کو مدعو کرسکتے ہیں اور پارٹی اعلیٰ کمان کی جانب سے وقت دیئے جانے پر کسانوں کے جلسہ اظہار تشکر کے سلسلہ میں تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔علاوہ ازیں ریاستی کابینہ میں توسیع کے متعلق پارٹی اعلیٰ کمان کی منظوری کے بعد ہی قطعی تاریخ کا اعلان متوقع ہے جبکہ نامزد عہدوں پر تقررات کے سلسلہ میں بھی پارٹی اعلیٰ قیادت کی جانب سے قائدین کے انتخاب کے بعد ہی ریاستی حکومت کی جانب سے اعلان کیا جائے گا۔3