ممبئی : مہاراشٹرا میں شیوسینا ایکناتھ شنڈے کے ایک رکن اسمبلی کابینہ میں عدم شمولیت پر پارٹی عہدہ سے مستعفی ہوگئے ۔ نریندر بھونڈیکر نامی رکن اسمبلی شیوسینا کے ڈپٹی لیڈر اور ودربھا میں پارٹی کے کوآرڈینیٹر تھے ۔ اس علاقہ میں بی جے پی زیر قیادت مہایوتی اتحاد کو 62 میں 47 حلقوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ بھنڈارہ ۔ پوانی حلقہ اسمبلی سے وہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے ۔ انہوں نے پارٹی سے استعفی دیا ہے تاہم رکن اسمبلی برقرار ہیں۔ مسٹر بھونڈیکر شیوسینا کے تین مرتبہ کے رکن اسمبلی ہیں اور انہیں وزارتی عہدہ کا وعدہ کیا گیا تھا ۔ تاہم انہیں کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کابینہ میں عدم شمولیت پر ڈپٹی چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے کے علاوہ سینئر قائدین اودئے سامنت اور ایکناتھ شنڈے کے فرزند شریکانت شنڈے کو ٹیکسٹ پیام روانہ کیا تھا ۔ اس کا کوئی جواب نہ ملنے پر وہ پارٹی سے مستعفی ہوگئے ۔ اودئے سامنت کو آْ چیف منسٹر دیویندر فڑنویس کی کابینہ میں بحیثیت وزیر حلف دلایا گیا ۔