ڈیسک ٹاپ پر ایجنڈہ اور فائلیں، ہر ماہ دو مرتبہ کابینہ کا اجلاس ، تین ماہ میں فیصلوں پر عمل آوری کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 27۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے کابینہ کے اجلاس اور اس کے فیصلوں پر موثر عمل آوری کیلئے بعض اصلاحات نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اصلاحات کے مطابق کابینہ کا اجلاس پیپر لیس رہے گا اور تمام فائلیں اور دستاویزات ڈیجیٹل پیش کی جائیں گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نظم و نسق میں انفارمیشن ٹکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد بعض اہم فیصلے کئے ہیں۔ کابینہ کا اجلاس ہفتہ میں دو مرتبہ منعقد کیا جائے گا اور ہر تین ماہ میں کابینہ کے فیصلوں پر عمل آوری کا جائزہ لیا جائے گا۔ کانگریس حکومت کے قیام کے بعد سے ابھی تک کابینہ کے 18 اجلاس منعقد ہوئے۔ چیف منسٹر اور وزراء کو شکایت ہے کہ کابینی فیصلوں پر عمل آوری کے سلسلہ میں محکمہ جات اور اعلیٰ عہدیدار عدم دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ایسے میں ہر تین ماہ میں فیصلوں پر عمل آوری کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ عہدیداروں کو جواب دہ بنایا جاسکے۔ کابینی اجلاس کے سلسلہ میں باقاعدگی پیدا کرنے کیلئے ہر ماہ دو اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ مہینہ کے پہلے اور آخری ہفتہ میں یہ اجلاس رہیں گے۔ اصلاحات کے تحت کابینہ کے ا جلاس میں تمام فائلیں اور ایجنڈہ ڈیجیٹل پیش کیا جائے گا۔ ڈیجیٹل فائلوں کے ذریعہ فائلوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ دیگر ریاستوں میں کابینی اجلاسوں میں فائلوں کی پیشکشی کے طریقہ کار کا جائزہ لے رہے ہیں۔ کابینہ کے اجلاس کے بارے میں وزراء اور عہدیداروں کو پہلے ہی اطلاع دی جائے گی تاکہ وہ مکمل تیاری سے اجلاس میں شریک ہو۔ کابینہ کا آئندہ اجلاس 10 جولائی کو طلب کیا گیا ہے ۔ حکومت کے پالیسی فیصلوں اور سرکاری اسکیمات پر موثر عمل آوری کے لئے کابینہ کو جواب دہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے کابینہ کے جملہ 98 اجلاس ہوئے جن میں 18 اجلاس ریونت ریڈی کے چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد سے منعقد ہوئے ہیں۔ ہر تین ماہ میں کابینی اجلاس کے فیصلوں کا جائزہ لینے کے عمل میں چیف سکریٹری اور متعلقہ محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز کو شامل کیا جائے گا۔ کابینہ کے اجلاس میں کاغاز کے بجائے ای آفس کا استعمال ہوگا۔ ہر وزیر کے روبرو ڈیسک ٹاپ رہے گا جس پر متعلقہ ایجنڈہ اور فائلیں دستیاب رہیں گی۔ چیف منسٹر اور وزراء کی جانب سے اظہار خیال کی ڈیجیٹل ریکارڈنگ کی جائے گی۔ کابینہ کے مواد کے افشاء کو روکنے کیلئے ڈیجیٹلس سسٹم اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزراء ڈیسک ٹاپ پر فائلوں اور سرکاری تفصیلات کا مشاہدہ کر پائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ 10 جولائی کے کابینی اجلاس میں اس خصوص میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا اور ڈیجیٹل سسٹم پر آئندہ اجلاس سے عمل آوری ہوگی۔ ریاستی وزراء کو ڈیسک ٹاپ چلانے کی ٹریننگ دی جائے گی۔ کابینی اجلاس کے دوران کوئی دشواری نہ ہو۔ ایجنڈہ میں شامل تمام امور ان سے متعلق فائل ڈیسک ٹاپ پر دستیاب رہے گی۔ اس سلسلہ میں ڈیجیٹل سسٹم کے ماہرین کی خدمت حاصل کی جائیں گی۔ 1