کابینہ میں 6 اضلاع کو نمائندگی اور ریڈی طبقہ کا غلبہ

   

کھمم سے تین وزراء کی شمولیت، بی سی اور ایس سی طبقات سے دو دو نمائندے
حیدرآباد ۔7۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ریونت ریڈی کی زیر قیادت پہلی کابینہ میں صرف 6 اضلاع کو نمائندگی دی گئی ہے جبکہ دیگر اہم اضلاع میں پارٹی کی کامیابی کے باوجود وہاں سے کوئی نمائندگی نہیں دی گئی ۔ سب سے زیادہ تین وزیر کھمم ضلع سے شامل کئے گئے جو بھٹی وکرمارکا ، پی سرینواس ریڈی اور ٹی ناگیشور راؤ ہیں۔ نلگنڈہ ، ورنگل، محبوب نگر اور کریم نگر سے دو دو وزیر شامل کئے گئے۔ نلگنڈہ سے اتم کمار ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کو شامل کیا گیا۔ ورنگل سے کونڈا سریکھا اور سیتکا کو کابینہ میں جگہ دی گئی۔ متحدہ کریم نگر ضلع سے سریدھر بابو اور پونم پربھاکر کابینہ میں شامل کئے گئے۔ میدک سے ایک نمائندگی دی گئی ۔ محبوب نگر سے جوپلی کرشنا راؤ اور چیف منسٹر ریونت ریڈی شامل کئے گئے جبکہ میدک سے دامودر راج نرسمہا کابینہ میں شامل کئے گئے ۔ متحدہ اضلاع عادل آباد ، نظام آباد ، رنگا ریڈی اور حیدرآباد سے کوئی نمائندگی کابینہ میں نہیں ہے۔ طبقات کے اعتبار سے کابینہ میں ریڈی طبقہ کو سب سے زیادہ 4 وزارتیں حاصل ہوئی ہیں۔چیف منسٹر ریونت ریڈی کے علاوہ اتم کمار ریڈی ، وینکٹ ریڈی اور سرینواس ریڈی کو شامل کیا گیا۔ بی سی طبقہ سے 2 وزراء شامل کئے گئے جن میں کونڈا سریکھا اور پونم پربھاکر شامل ہیں۔ ایس سی طبقہ سے دو نمائندگی دی گئی جو بھٹی وکرمارکا اور دامودر راج نرسمہا ہیں۔ کما طبقہ سے تملا ناگیشور راؤ جبکہ ویلما طبقہ سے جوپلی کرشنا راؤ کو شامل کیا گیا ۔ برہمن طبقہ سے سریدھر بابو کو نمائندگی دی گئی جبکہ قبائل کی نمائندگی سیتکا کر رہی ہیں۔