کابینہ کا آج اہم اجلاس، سرکاری اسکیمات پر اہم فیصلوں کا امکان

   

حیدرآباد : 4 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی کابینہ کا اجلاس کل 5 جون کو 3 بجے دن ڈاکٹر بی آر امبیڈکٹر تلنگانہ سکریٹریٹ میں منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر صدارت اجلاس میں کئی اہم امور پر فیصلوں کا امکان ہے۔ تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کے دیرینہ حل طلب مسائل پر کابینی سب کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے مطالبات کی یکسوئی کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے آج سرکاری ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نمائندوں سے مذاکرات کئے۔ سرکاری ملازمین ڈی اے کی زیر التوا اقساط اور ملازمین کے زیر التوا بلس کی ادائیگی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ کابینہ کے اجلاس میں سرکاری ملازمین کے مطالبات کی یکسوئی کی صورت میں سرکاری خزانے پر پڑنے والے بوجھ کا جائزہ لیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت سرکاری ملازمین کے وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں ایک سال توسیع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اگر اس سلسلہ میں فیصلہ کیا گیا تو سرکاری ملازمین کی سبکدوشی کی عمر 62 سال ہوجائے گی۔ سرکاری اسکیمات پر موثر عمل آوری اور نئی اسکیمات کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ بھوبھارتی، اندراماں ہائوزنگ، راجیو یووا وکاسم، راشن کارڈس کی اجرائی اور دیگر اسکیمات کا جائزہ لیا جائے گا۔ حکومت نے اندرا یووا وکاسم کے منظوری لیٹرس کی اجرائی کو روک دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کابینہ میں اسکیم پر عمل آوری کو قطعیت دی جائے گی۔ کالیشورم پراجکٹ کے تحت میڈی گڈا بیریج کی تعمیر میں مبینہ بے قاعدگیوں سے متعلق ویجلنس کمیشن کی رپورٹ اور نیشنل ڈیم سیفٹی اتھاریٹی کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔ 1