کابینہ کا آج اہم اجلاس، مجالس مقامی چناؤ اور تحفظات اہم ایجنڈہ

   

نئے راشن کارڈس کی تقسیم ، اراضی کی مارکٹ ویلیو پر نظرثانی اور تلنگانہ کے آبی مفادات پر غور کا امکان

حیدرآباد ۔ 9۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی کابینہ کا اجلاس 10 جولائی کو 2 بجے دن ڈاکٹر بی آر امبیڈکر تلنگانہ بھون میں منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر صدارت کابینی اجلاس میں کئی اہم امور پر غور اور فیصلے کئے جانے کا امکان ہے۔ پنچایت راج اداروں اور مجالس مقامی کے انتخابات اجلاس کا اہم ایجنڈہ رہے گا۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے 30 ستمبر تک پنچایت راج اداروں کے انتخابات کی حکومت کو مہلت دی ہے۔ اس کے علاوہ تحفظات کے تعین کیلئے بھی ایک ماہ کی مہلت دی گئی جو آئندہ ہفتہ ختم ہوجائے گی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کے سلسلہ میں فیصلہ کا امکان ہے۔ تلنگانہ اسمبلی کی جانب سے منظورہ بل مرکزی حکومت کے پاس زیر ا لتواء ہے ، ایسے میں تلنگانہ حکومت تحفظات کے مسئلہ پر مختلف امکانات کا جائزہ لے رہی ہے ۔ دستور اور قانون کے ماہرین کی رائے کا جائزہ لینے کے بعد کابینہ کوئی فیصلہ کرے گی۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پنچایت راج اداروں اور مجالس مقامی میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی میں سنجیدگی کا اظہار کیا ہے اور تحفظات کے بغیر انتخابات منعقد نہیں کئے جائیں گے۔ تحفظات کے لئے سرکاری احکامات کی اجرائی کا سرگرمی سے جائزہ لیا جارہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت تلنگانہ پنچایت راج قانون 2018 میں ترمیم کرتے ہوئے بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرے گی۔ ترمیم کے لئے حکومت کی جانب سے آرڈیننس جاری کیا جاسکتا ہے جسے آئندہ اسمبلی اجلاس میں قانونی شکل دی جائے گی۔ کانگریس نے پسماندہ طبقات کے لئے 42 فیصد تحفظات کا وعدہ کیا ہے اور بی سی تنظیموں کی جانب سے حکومت پر دباؤ بنایا جارہا ہے کہ تحفظات کے بغیر انتخابات منعقد نہ کئے جائیں۔ پنچایت راج قانون کی دفعہ 285A کے تحت مجالس مقامی میں مجموعی تحفظات 50 فیصد ہیں کیونکہ سپریم کورٹ نے یہ حد مقرر کی ہے۔ ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات کو جملہ 50 فیصد تحفظات کا سلسلہ جاری ہے۔تحفظات میں اضافہ کیلئے حکومت قانون میں ترمیم کا ارادہ رکھتی ہے۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں نئے راشن کارڈس کی اجرائی ، اراضی کی مارکٹ ویلیو پر نظرثانی ، اسٹامپ ڈیوٹی میں اضافہ ، اندراماں ہاؤزنگ اور خریف سیزن کیلئے زرعی منصوبہ کا جائزہ لیا جائے گا۔ حکومت نے رعیتو بندھو اسکیم کے تحت کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں 9000 کروڑ منتقل کئے ہیں۔ چیف منسٹر 14 جولائی کو تنگا ترتی اسمبلی حلقہ میں نئے راشن کارڈس کی تقسیم کا آغاز کریں گے۔ دریائے کرشنا اور گوداوری میں تلنگانہ کے آبی حقوق کے تحفظ پر بھی کابینہ میں غور ہوگا۔ اجلاس میں حکومت کی فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ وزراء کی کارکردگی کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط سے وزراء کو آگاہ کیا جائے گا تاکہ عوامی نمائندوں اور وزراء کے درمیان بہتر تال میل رہے۔1