بنگلورو:ریاستی کابینہ کی تشکیل مکمل کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے آئندہ درپیش پارلیمانی انتخاب میں 28 میں سے کم از کم 20 سیٹوں پر پارٹی کی جیت یقینی بنانے کا ٹارگیٹ اپنے وزراء کو دیا۔ 24 نئے وزراء کی شمولیت کے ساتھ 34 رکنی کابینہ کی تشکیل مکمل کرنے کے بعد سدارامیا نے آئندہ سال درپیش پارلیمانی انتخاب کے پس منظر میں اپنے وزاراء سے کہاکہ ہمیں اپنی پارٹی کے قومی صدر ملیکا ارجن کھرگے، سینئر قائد سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پریانکا گاندھی کے لئے تحفہ کے طور پر لوک سبھا کی کم از کم 20 سیٹوں جیت درج کرنا چاہیے۔وزیر اعلیٰ نے اپنے ایک بیان میں وزراء کو ہدایت دی کہ وہ اس مقصد کو ذہن میں رکھتے ہوئے پوری ایمانداری اور عزم و استقامت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں پورے خلوص کے ساتھ یہ کوشش کرنی ہوگی کہ جن گارنٹیوں کا ہم وعدہ کیا ہے وہ عوام تک پہنچ جائیں۔ ماضی کی غلطیوں کو دہرایا نہ جائے۔ آپ سبھی کو پوری طرح سرگرم اور متحرک ہونا چاہیے۔