ریاستی وزیر کی پارٹی قائدین کے ساتھ ٹیلی کانفرنس
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے آج پارٹی کے قائدین سے ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے کابینہ اجلاس کے تاریخی فیصلوں کو عوام تک پہونچانے کا مشورہ دیا ۔ آج صبح کے ٹی آر نے بی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی ، پارٹی کے جنرل سکریٹریز ، اضلاع بی آر ایس کے صدور کو ہدایت دی کہ وہ عوام کے درمیان پہونچے اور کابینہ کے تاریخی فیصلوں سے انہیں واقف کرائے ۔ ملک کی تاریخ میں کسی بھی حکومت نے وہ فیصلے نہیں کئے جو چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے کیے ہیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حال ہی میں 21 ہزار وی آر اے کو سرکاری ملازمین کے طور پر تسلیم کیا ہے ۔ تازہ ترین فیصلے میں آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرتے ہوئے 43 ہزار ملازمین کو سرکاری ملازمین قرار دیا ہے ۔ وزیر کے ٹی آر نے ریاست کے تمام آر ٹی سی بس ڈپوز کے سامنے آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ جشن منانے کا پارٹی کیڈر کو مشورہ دیا ہے ۔ ساتھ ہی ایک دو دن میں وی آر ایز اور آر ٹی سی کے ملازمین کے ساتھ اجلاس طلب کرنے کا بی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور انچارجس کو مشورہ دیا اس کے علاوہ حکومت نے یتیم بچوں کی پرورش کرنے کی ذمہ داری قبول کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے ۔ ریاست کے صدر مقام حیدرآباد میں 70 کلو میٹر پر مشتمل میٹرو ریل کو 415 کلو میٹر تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جن اسمبلی حلقوں میں میٹرو ریل کا احاطہ ہورہا ہے ۔ وہاں بڑے پیمانے پر جشن منانے کا پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا ۔ میٹرو ریل کی توسیع سے عوامی ٹرانسپورٹ نظام مزید مستحکم ہوگا ۔ ریاست میں بارش سے بڑے پیمانے پر جانی مالی نقصان ہوا ہے ۔ فوری احتیاطی اقدامات کرنے کیلئے حکومت نے 500 کروڑ روپئے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔۔ ن