کانگریس پارٹی مسلمانوں کو ووٹ بنک تصور کرتی ہے ، بی آر ایس قائد امتیاز اسحاق
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے اسٹیٹ سکریٹری و سابق صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق نے ریاستی کابینہ میں مسلم نمائندگی کو پھر ایک مرتبہ نظر انداز کردینے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی کے پاس مسلمانوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔ کانگریس پارٹی مسلمانوں کو صرف ووٹ بنک کی طرح استعمال کررہی ہے ۔ امتیاز اسحاق نے کہا کہ راہول گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران ’ نفرت کے بازار میں محبت کی دکان ‘ کھلونے کا اعلان کیا جس کو سیکولر ذہنیت کے لوگوں نے کافی پسند کیا تھا جس کے بعد راہول گاندھی نے ’ جس کی جتنی آبادی اس کی اتنی حصہ داری ‘ کا نعرہ دیا جس پر مسلمانوں نے بھروسہ کیا ۔ اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس پارٹی نے میناریٹی ڈیکلریشن کا اعلان کیا ۔ ان تمام وعدوں کو دیکھتے ہوئے مسلمانوں نے تلنگانہ میں کانگریس پر اعتماد کا اظہار کیا ۔ اقتدار حاصل کرنے کے بعد کانگریس پارٹی نے مسلمانوں کو نظر انداز کردیا ۔ حکومت تشکیل پاکر 18 ماہ مکمل ہوچکے ہیں ۔ مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ابھی تک کابینہ میں مسلم نمائندے کو شامل نہیں کیا گیا ۔ ایسا لگتا ہے راہول گاندھی کانگریس پارٹی میں سماج کے تمام طبقات کو نمائندگی دینے کے حق میں ہے مگر ان کے پاس نوکری کرنے والے بی جے پی اسکول کے طالب علم چیف منسٹر اے ریونت ریڈی بچپن کی تعلیم کو بھول نہیں پائے ہیں اور اسی ذہنیت پر کام کرتے ہوئے مسلمانوں کو نظر انداز کررہے ہیں جس کی بی آر ایس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ امتیاز اسحاق نے کہا کہ کانگریس کے مسلم قائدین کے پاس ایمانی جذبہ ختم ہوگیا ہے اور سب کے سب جی حضوری میں مصروف ہیں ۔ ایسے قائدین جو اپنی پارٹی اور حکومت میں پارٹی کے مسلم قائدین سے ہونے والی نا انصافی پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں وہ ریاست کے مسلمانوں کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں پر کیا خاک نمائندگی کریں گے ۔ بی آر ایس کا 10 سالہ دور حکومت اقلیتوں کے لیے مثالی دور تھا ۔ شہر حیدرآباد سے کرفیو کا خاتمہ ہوگیا اور ریاست بھر میں لا اینڈ آرڈر پر سختی سے عمل کیا گیا ۔ مسلمانوں کے ساتھ ہر شعبہ میں انصاف کرنے کے ساتھ ان کے جان و مالی کی مکمل حفاظت کی گئی تھیں ۔ کانگریس کے دور حکومت میں مسلمانوں سے نا انصافی ہورہی ہے اور ریاست کے مختلف مقامات پر مسلمانوں پر حملے کئے جارہے ہیں ۔۔ 2