بنگلورو۔ چیف منسٹر کرناٹک بسوا راج بومائی نے آج کہا کہ ریاست میں کابینی توسیع کیلئے ایک ہفتہ درکار نہیں ہوگا اور بی جے پی ہائی کمان سے کل پیر تک ہدایات مل سکتی ہیں۔ مختلف مسائل پر عہدیداروں کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے بومائی نے کہا کہ کابینہ میں توسیع کیلئے ایک ہفتہ درکار نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ کل پیر تک اس پر مرکزی قیادت سے ہدایات مل جائیں گی ۔ واضح رہے کہ بسواراج بومائی نے 28 جولائی کو چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا تھا کیونکہ ان کے پیشرو بی ایس یدی یورپا نے 26 جولائی کو استعفی پیش کردیا تھا ۔ فی الحال مسٹر بومائی نے ہی بحیثیت چیف منسٹر حلف لیا ہے اور کابینہ کی تشکیل باقی ہے ۔