ممبئی۔ کارتک آریان جو ان دنوں دارجلنگ میں فلم عاشقی3کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پوسٹ شیئرکی، جس میں اپنی زندگی کا ذکر کیا۔ اداکار نے چائے کے باغات کے حسین نظارے شیئرکرتے ہوئے انسٹاگرام پر پاپون اور سونیدھی چوہان کے گانے کیوں کو شامل کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے اداکارہ سری لیلا کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کی، جس کے کیپشن میں لکھا، تو میری زندگی ہے اور دل کے ایموجیز شامل کیے۔ تصویر میں کارتک ایک باغ میں چائے کا کپ ہاتھ میں لیے سری لیلاکو محبت بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں، جبکہ سری لیلا شرما کر نیچے دیکھ رہی ہیں۔ فلم عاشقی 3کی شوٹنگ مغربی بنگال کے خوبصورت علاقوں میں جاری ہے اور سیٹ سے کئی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں، جن میں کارتک اور سری لیلا کو بائیک پر ایک سین فلمانے کے دوران بھی دیکھا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کارتک اور سری لیلا کی محبت کی خبریں بھی گردش میں ہیں، جو اس وقت مزید زور پکڑ گئیں جب سری لیلا کارتک کے خاندانی تقریب میں دیکھی گئیں۔ آئیفا ایوارڈز2025 میں کارتک کی والدہ مالا تیواری نے بھی اچھی ڈاکٹر بہو کی خواہش کا اظہار کیا۔