کارتک کی بی سی سی آئی سے غیر مشروط معافی

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی۔9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم کے وکٹ کیپر اورآئی پی ایل کی فرنچائز کولکاتا نائٹ رائڈرس کے کپتان دنیش کارتک نے بی سی سی آئی سے کیریبین پریمیئر لیگ کے میچ کے دوران ترنباگو نائٹ رائڈرس ٹیم کے ڈریسنگ روم میں داخل ہونے سے متعلق غیر مشروط معافی مانگی ہے۔ بی سی سی آئی نے کارتک کے معاہدہ کو توڑنے کے معاملے میں وجہ بتاو نوٹس جاری کیا تھا۔ بورڈ کے معاہدے کے مطابق کوئی بھی ہندوستانی کھلاڑی بورڈ سے اجازت نامہ کے بغیر آئی پی ایل کے علاوہ کسی بھی قسم کی لیگ میں نہیں کھیل سکتا ہے۔بی سی سی آئی نے کارتک کو نوٹس بھیج کر صورتحال کی وضاحت کرنے کی ہدایت دی تھی اور انہوں نے اپنے جواب میں کہا کہ وہ کولکاتا نائٹ رائڈرس (کے کے آر) کے چیف کوچ برنڈن مکالم کی دعوت پر وہاں گئے تھے۔کارتک نے ای میل بھیج کر کہاکہ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے ترنباگو نائٹ رائڈرس کی جانب سے کسی بھی شکل میں حصہ نہیں لیا۔ میں ٹرینیڈاڈ کے کے کے آر کے کوچ مکالم کی دعوت پر گیا تھا جو اس ٹیم کے بھی چیف کوچ ہیں۔