کارتی چدمبرم سے ای ڈی کی 6 گھنٹے پوچھ تاچھ

   

نئی دہلی 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیرفینانس پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم سے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے آئی این ایکس میڈیا کیس نے ان کے خلاف جاری منی لانڈرنگ انکوائری کے سلسلہ میں تقریباً 6 گھنٹے پوچھ تاچھ کی۔ عہدیداروں نے کہا کہ کارتی کوقانون انسداد غیرقانونی رقمی لین دین کے تحت ان کا بیان قلمبند کرنے طلب کیا گیا تھا۔ ان سے ماضی میں بھی کئی مرتبہ پوچھ گچھ کی جاچکی ہے۔ قبل ازیں وہ ای ڈی کے دفتر واقع جام نگر ہاؤز نئی دہلی 11 بجے دن پہونچے۔ محکمہ نے الزام عائد کیا ہے کہ کارتی چدمبرم کو آئی این ایکس میڈیا مقدمہ کے سلسلہ میں رقم حاصل ہوئی ہے۔ اُن پر غیرقانونی سرمایہ کاری سے متعلق بورڈ کی جانب سے سرمایہ کاری کی شرائط کی خلاف ورزی کے سلسلے میں مقدمہ چلایا جارہا ہے۔ مئی 2017 ء میں اِس معاملے کی تحقیقات کے لئے مقدمہ درج کیا گیا تھا۔