حالات کو معمول پر آنے وقت درکار ، خدا داد خاں کی خدمات کو خراج ، ٹی آر ایس ایم ایل سی کا بیان
حیدرآباد۔29مئی (سیاست نیوز) ریاست میں حالات کو معمول پر لانے کے لئے حکومت کی جانب سے معاشی بہتری کے لئے لاک ڈاؤن میں رعایتیں دی جا رہی ہیں لیکن عوام کو ان رعایتوں سے استفادہ کیلئے سماجی فاصلہ کے اصولوں اور رہنمایانہ خطوط کی برقراری کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ جناب فاروق حسین رکن قانون ساز کونسل تلنگانہ راشٹرسمیتی نے ریاست تلنگانہ میں موجود متمول اہل خیر افراد سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن کے دوران شروع کئے گئے کار خیر کے کاموں کا سلسلہ مزید کچھ مدت کے لئے جاری رکھیں کیونکہ ابھی حالات معمول پر آنے کیلئے وقت لگے گا اور ان حالات میں روز مرہ کی آمدنی پر جن کا انحصار ہوتا ہے ان کیلئے مسائل میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران ہی نہیں بلکہ سال بھر زکواۃ ادا کی جا سکتی ہے اور اس کے ذریعہ غریبوں کی مدد کی گنجائش موجود ہے۔جناب محمد فاروق حسین نے مرحوم خداداد خان کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف ماہ رمضان المبارک کے دوران بلکہ سال بھر غرباء کی مدد کے لئے تیار رہتے تھے اور خاموشی سے مدد کیا کرتے تھے۔رکن قانون ساز کونسل نے علماء اکرام سے اپیل کی کہ وہ امت مسلمہ کے مخیر اور متمول افراد کی اس جانب سے توجہ مبذول کروائیں کیونکہ حالات فوری اثر کے ساتھ بہتر ہونے کا امکان نہیں ہے اسی لئے مستحقین اور غرباء کی مدد کے سلسلہ کو جاری رکھا جائے تاکہ انہیں کم از کم راشن حاصل ہوتا رہے۔انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے ساتھ ہی جو فلاحی خدمات کا آغاز کیا گیا اور جن لوگوں اور تنظیموں نے اس کار خیر میں حصہ لیا وہ قابل رشک ہے اور ماہ رمضان المبارک کے دوران بھی امت مسلمہ نے دل کھول کر مستحقین کی مدد کی لیکن اب عید الفطر کے بعد سے حالات بتدریج ابتر ہونے لگے ہیں اسی لئے علماء اکرام اور زعمائے ملت کو اس جانب توجہ مبذول کرتے ہوئے فلاحی اور راحت رسانی کے کاموں کی ترغیب دینی چاہئے کیونکہ اگر یہ سرگرمیاں فوری روک دی جائیں گی تو عوام بالخصوص غریب شہریوں اور مستحقین جن تک سرکاری مدد نہیں پہنچ رہی ہے ان تک ان فلاحی اداروں کی امداد پہنچ رہی تھی انہیں شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا ۔جناب فاروق حسین نے سماج کے تمام طبقات میں موجود مستحقین کی مدد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔