کارلسن نے ناروے شطرنج 2024کا خطاب جیت لیا

   

اسٹیوینگر: ناروے کے میگنس کارلسن نے ناروے شطرنج 2024 کا خطاب جیت لیا ہے ، جب کہ ہندوستان کے آر پرگنانند نے ہیکارو ناکامورا کے ساتھ ڈرا کھیل کر تیسرے مقام پر اپنی مہم ختم کی۔ خواتین کا ٹائٹل چین کی ژو وینجن کو ملا جب کہ ہندوستان کی خاتون کھلاڑی ویشالی کو چوتھے مقام پر اکتفا کرنا پڑا۔ میگنس کارلسن اور فابیانو کاروانا نے اپنا کلاسیکل گیم ڈرا کیا اور فاتح کا فیصلہ آرمگیڈن ٹائی بریکر سے کیاگیا۔ کارلسن کو تاہم ٹائٹل کے لیے ہیکارو ناکامورا اور آر پرگنانند کے درمیان میچ کے نتیجے کا انتظار کرنا پڑا۔ ناکامورا کو ٹائٹل کے لیے ہر قیمت پر جیتنا ضروری تھا، لیکن کھیل برابری پر ختم ہوا۔ ہندوستان کے باصلاحیت 18 سالہ گرینڈ ماسٹر پرگنانندا نے اس کے بعد ٹائی بریک گیم جیتا اور ناروے شطرنج میں اپنی پہلی کارکردگی ناکامورا کے بعد تیسرے مقام پر ختم کی۔ علی رضا فیروزہ اور ڈنگ لیرن کے درمیان کا کھیل بھی برابری پر ختم ہوا۔ ان نتائج کے ساتھ کارلسن نے اپنا چھٹا ناروے شطرنج ٹائٹل جیت لیا ہے ۔ اپنے ملک کے ہیرو کے لیے یہ بہت بڑی جیت ہے ، کیونکہ انہوں نے حالیہ دنوں میں کئی کلاسیکل ٹورنامنٹ نہیں کھیلے تھے ۔ خواتین کے مقابلے میں زو وینجن نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی ایڈیشن میں ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کلاسیکل گیم میں چین کی اپنی ہم وطن اور ورلڈ چمپئن شپ چیلنجر لی ٹنگجی کو شکست دی۔