لندن : اسپین کے کارلوس الکراز نے پانچ سیٹوں کے سخت مقابلہ میں سربیا کے نواک جوکووچ کو شکست دیتے ہوئے اپنے کیرئیر کا پہلا ومبلڈن اور دوسرا گرانڈ سلام خطاب جیت لیا ہے ۔ عالمی نمبر ایک کھلاڑی الکراز نے جوکووچ کے تجربہ کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور پانچ سیٹوں تک سخت مقابلہ کے بعد خطاب جیت لیا ۔ انہوں نے جوکووچ کو 1-6, 7-6, 6-1, 3-6, 6-4 سے شکست دیتے ہوئے کیرئیر کا پہلا ومبلڈن سنگلز خطاب جیت لیا ہے ۔ یہ الکراز کے کیرئیر کا دوسرا گرانڈ سلام خطاب رہا ۔ حالانکہ مقابلہ کے ابتدائی مراحل میں جوکووچ کا غلبہ دکھائی دے رہا تھا اور ایسا لگ رہا تھا کہ وہ کامیابی کی سمت پیشرفت کریں گے تاہم الکراز نے بھی اپنے حواس پر قابو رکھا اور انہوں نے سخت مزاحمت کرتے ہوئے بالآخر خطاب اپنے نام کرلیا ۔ الکراز نے دوسرے سیٹ میں ٹائی بریک کے باوجود کامیابی حاصل کی اور تیسرے سیٹ میں جوکووچ کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا تھا ۔ چوتھے سیٹ میں تاہم جوکووچ ایک بار پھر اپنے روایتی کھیل میں دکھائی دئے اور انہوں نے چوتھا سیٹ اپنے نام کرلیا ۔ پانچویں سیٹ میں الکراز نے ایک بار پھر شاندار مزاحمت کی اور انہوں نے جوکووچ کی سرویس بریک کرتے ہوئے سبقت بنائی اور بالآخر اس سیٹ کو اور ومبلڈن سنگلز خطاب کو اپنے نام کرلیا ۔