کارلوس کی پہلے آسٹریلین اور جوکووچ کی نظر 25ویںخطاب پر

   

میلبورن،31 جنوری (یو این آئی) سیمی فائنل میں طویل اور مشکل مقابلوں سے بچ نکلنے کے بعد کارلوس الکاراز اور نواک جوکووچ اب اتوارکے روز ہونے والے آسٹریلین اوپن فائنل میں تاریخی کارنامہ انجام دینے کی کوشش کریں گے ۔16 سال کے فرق والے الکاراز اور جوکووچ اپنے کیریئر کے مختلف مراحل پر ہیں اور بالکل مختلف سنگ میل حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔22 سالہ الکاراز کم ترین عمر میں کیریئر گرانڈ سلام خطابات مکمل کرنے والے کھلاڑی بننے کا ہدف رکھتے ہیں۔ ان کے راستے میں38 سالہ جوکووچ حائل ہیں جو تاریخ کے سب سے کامیاب مرد گرانڈ سلام چمپئن ہیں۔ سربیائی کھلاڑی کے پاس سیزن کے پہلے میجر میں اتنی ہی آسٹریلین اوپن ٹرافیاں ہیں جتنی ناکامیاں(10) اور اب وہ ٹورنمنٹ کی تاریخ کے سب سے معمر چمپئن بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ الکاراز کے ساتھ اپنی رقابت کے بارے میں جوکووچ نے کہا جب بھی ہم کھیلتے ہیں ہم دونوں کے لیے تاریخ داؤ پر ہوتی ہے ۔ گرانڈ سلام کے فائنل میں بہت کچھ داؤ پر ہے لیکن یہ میرے کھیلے گئے کسی بھی دوسرے بڑے میچ سے مختلف نہیں ہے ۔بہت زیادہ انتظارکیے جانے والا یہ فائنل یہ سوال بھی کھڑاکرتا ہے کہ کون سا کھلاڑی پوری طاقت کے ساتھ ایک اور کوشش کر پائے گا؟ الکاراز نے جمعہ کو ٹورنمنٹ کی تاریخ کا طویل ترین سیمی فائنل جیتا جس میں انہوں نے گزشتہ سال کے فائنلسٹ الیگزینڈر زویریوکو پانچ گھنٹے27 منٹ کے سنسنی خیز مقابلے میں شکست دی۔ ہسپانوی کھلاڑی نے بعد میں کہا ہم نے اپنے جسم کو اس کی آخری حد تک دھکیل دیا۔دوسری جانب جوکووچ نے دو بارکے دفاعی چمپئن یانک سنر کو چارگھنٹے نو منٹ کے بعد ہرایا، ایک شاندار مقابلہ جسے سربیائی کھلاڑی نے گزشتہ ایک دہائی میں میری بہترین کارکردگیوں میں سے ایک قرار دیا۔ جوکووچ نے الکارازکے بارے میں کہا جسمانی طور پر میرا خیال ہے کہ ان کے لیے تازہ دم ہونا کچھ زیادہ آسان ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا، میری تیاری ویسی ہی ہے جیسی ہونی چاہیے اور گزشتہ سال میں نے یہاں ایک سخت میچ میں اسے ہرایا تھا۔ دیکھتے ہیں کہ ہم دونوں کتنے تازہ دم ہو پاتے ہیں۔الکاراز نے گزشتہ سال کے یو ایس اوپن میں اپنے تازہ ترین مقابلے میں جوکووچ کو شکست دی تھی اس کے باوجود میچ کے بعد سربیائی کھلاڑی کی فٹنس کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا، وہ جسمانی طور پر25 سال کا لگتا ہے ، اس لیے38 سال کی عمر میں اس سطح کو برقرار رکھنا واقعی متاثرکن ہے ۔کل یہاں کھیلا جانے والا مقابلہ ماضی بن رہے جوکووچ اور مسقبل کے اسٹار بننے والے دو کھلاڑیوں کے درمیان وقت کا بھی مقابلہ رہے گا۔