نئی دہلی ۔13 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام)وزیراعظم نریندر مودی کے قوم سے خطاب سے ایک روز قبل کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے آج کہا کہ لاک ڈاؤن کا سوجھ بوجھ کے ساتھ استعمال کرنے کی ضرورت ہے ۔ کووڈ۔19 کے متاثرہ علاقوں کو الگ تھلگ کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر ٹسٹ کئے جانے چاہئے اور دیگر علاقوں میں کاروباروں کو دوبارہ اپنی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دی جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ 21 روزہ ملک گیر لاک ڈاؤن نے لاکھوں کسانوں ، نقل مقام کرنے والے مزدوروں اور روزانہ کی اُجرت پر کام کرنے والوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے ۔ ہر فرد کیلئے یکساں نوعیت کا لاک ڈاؤن ناقابل بیان پریشانی لے آیا ہے ۔ اس لئے لاک ڈاؤن کو بتدریج ختم کرنے اور بزنس کا احیاء کرنا ضروری ہے ۔