18 لاکھ مالیتی مسروقہ کاریں ضبط، ایسٹ زون ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ ٹاسک فورس پولیس نے کاروں کے سرقہ میں ملوث بین ریاستی سارقین کی ٹولی کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 18 لاکھ مالیتی مسروقہ کاریں برآمد کرلیا۔ پولیس کمشنر مسٹر انجنی کمار نے کہا کہ چار رکنی ٹولی جس کا سرغنہ محمد حَسین متوطن ضلع میرٹھ اتر پردیش ہے جو اپنے ساتھیوں کے سیشو کمار، مدھوسدن اور محبوب کی مدد سے اتر پردیش ، دہلی کے علاوہ شہر کے علاقہ کنچن باغ، ملک پیٹ اور دیگر مقامات سے پارک کی ہوئی کاروں کا سرقہ کیا۔ انجنی کمار نے کہا کہ محمد حَسین جو پیشہ سے میکانک ہے روزگار کی تلاش میں حیدرآباد آیا تھا اور عطا پور علاقہ میں میکانک شاپ قائم کی تھی۔ اسی دوران وہ کاروں کی خرید و فروخت بھی کرنا شروع کردیا اور دہلی سے تعلق رکھنے والے اسلم کی مدد سے کاروں کا سرقہ کرکے اسے فروخت کرنے لگا۔ سابق میں انہیں دہلی پولیس نے گرفتار کیا تھا لیکن جیل سے رہا ہونے کے بعد دوبارہ سرگرم ہوگئے اور اترپردیش میں بھی اسی قسم کی وارداتیں انجام دیئے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال جنوری میں علاقہ کنچن باغ اور ملک پیٹ میں پارک کی ہوئی کاروں کو نشانہ بناتے ہوئے سرقہ کیا تھا۔ اس بات کی اطلاع پر ایسٹ زون ٹاسک فورس پولیس نے مذکورہ ٹولی کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 18 لاکھ مالیتی گاڑیاں ضبط کرلیا۔