کاروی اسٹاک کے صدر نشین ای ڈی کی تحویل میں

   

بینک قرض میں دھاندلی اور رقم کے غلط استعمال کا الزام
حیدرآباد۔7ستمبر(سیاست نیوز) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عہدیداروں نے بینک قرض دھاندلیوں کے معاملہ میں صدرنشین کاروی اسٹاک پروکنگ پرائیویٹ لمیٹیڈ کو 7 یوم کیلئے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ نامپلی فوجداری عدالت کی جانب سے 7 یوم کی تحویل کی اجازت حاصل ہونے کے بعد انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عہدیداروں نے حیدرآباد سنٹرل کرائم پولیس کی تحویل سے پارتھا سارتھی کی تحویل حاصل کرلی ہے اور ان 7 یوم کے دوران ای ڈی کے عہدیداروں کی جانب سے بینک قرض کی دھندلیوں کے علاوہ کاروی کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری اور بیرون ملک کی جانے والی سرمایہ کاری کی تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔ گذشتہ دنوں حیدرآباد سنٹرل کرائم نے صدرنشین کاروی کے علاوہ کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور چیف ایکزیکیٹیو آفیسر کو حراست میں لیا تھا ۔ واضح رہے کہ پارتھا سارتھی نے مختلف بینکوں سے کروڑوں روپئے قرض حاصل کیا تھا جس میں ایچ ڈی ایف سی بینک سے حاصل کئے گئے 340 کروڑ‘ انڈس انڈ بینک سے حاصل کئے جانے والے 137کروڑ کے علاوہ ایچ ڈی ایف سی سے حاصل کئے جانے والے مزید 7کروڑ روپئے شامل ہیں۔ ان بینکوں کے ذمہ داروں نے بتایا کہ پارتھاسارتھی نے کاروی کے شئیرس بطور ضمانت رکھواتے ہوئے حاصل کئے جانے والے اس قرض کا غلط استعمال کیا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عہدیداروں کا کہناہے کہ کاروی کی جانب سے ملک اور بیرون ملک کی جانے والی سرمایہ کاری کے سلسلہ میں تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں اور مبینہ طور پر پارتھاسارتھی نے بینکوں سے حاصل کئے گئے قرض کو بیرون ملک روانہ کرتے ہوئے بیرون ملک موجود کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی ہے جس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے 7دن کی تحویل کے دوران پارتھاسارتھی سے حوالہ کے ذریعہ رقومات کو بیرون ملک منتقل کرنے کے علاوہ سرمایہ کاری کی تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔M