کارپوریٹ اسکولس میں اساتذہ کی طلبی ، دسہرہ تعطیلات کی خلاف ورزی

   

انتظامیہ کے دباؤ سے اساتذہ تناؤ کا شکار ، افراد خاندان سے محرومی کا احساس
حیدرآباد۔30ستمبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے تعلیمی ادارو ںکو تعطیلات کے اعلان کے ساتھ اس بات کا پابند بنانے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں کہ اگر کسی تعلیمی ادارہ کی جانب سے بتکما تہوار کے لئے فراہم کی گئی تعطیلات کے دوران خصوصی کلاسس یا کسی اور نام سے کلاسس منعقد کرتا ہے تو اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی اور ان ایام کے دوران تعطیلات لازمی طور پر دیئے جائیں لیکن شہر کے کئی علاقوں کے بعض کارپوریٹ اور کئی بجٹ اسکولس میں طبلہ کو تعطیل تو دے دی گئی ہے لیکن اساتذہ کو تعطیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں بلکہ انہیں اس بات کی ہدایت دی جا رہی ہے کہ وہ تعطیلات کے دوران بچوں کیلئے مضامین کا انتخاب کرتے ہوئے والدین کو روانہ کریں اور اس بات کی تاکید کریں کہ تعطیلات کے فوری بعد منعقد ہونے والے امتحانات میں ان مضامین کو لازمی طور پر پڑھایاجائے ۔ اس کے علاوہ بیشتر اسکولوں میں اساتذہ کو طلب کرتے ہوئے انہیں تعطیلات کے بعد پڑھائے جانے والے نصاب کی تیاری کے لئے دباؤ ڈالا جا رہاہے۔ حکومت کی جانب سے تعطیلات کے اعلان کا مطلب تعلیمی اداروں کو مکمل تعطیل دینا ہے لیکن اسکول اور کالج انتظامیہ کی جانب سے اساتذہ سے تعطیلات کے دوران بھی خدمات کے حصول کی شکایات کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن اب تک سالانہ تعطیلات کے دوران اساتذہ کو انتظامیہ کی جانب سے طلب کرتے ہوئے دوسرے کام لئے جاتے تھے لیکن اب دسہرہ اور بتکماں کیلئے دی جانے والی مختصر مدتی تعطیلات کے دوران بھی اساتذہ کو طلب کرنے کے سبب ان کی خاندانی زندگی پر منفی اثرات مرتب ہونے لگے ہیں اور خانگی اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کا کہناہے کہ تعطیلات کے دوران جب ان کے اپنے بچے گھر میں ہوتے ہیں تو ان کی بھی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ وقت گذاریں لیکن انتظامیہ کی جانب سے ان کو اسکول طلب کئے جانے کے سبب ایسانہیں ہوپاتا۔ انتظامیہ کا استدلال ہے کہ تعطیلات کے دوران آئندہ امتحانات کی تیاری کو یقینی بنانے کے اقدامات کے ذریعہ وہ اساتذہ کی مدد کررہے ہیں کیونکہ جب اسکول شروع ہوجائیں تو اساتذہو کو وقت نہیں ہوگی اسی لئے وہ اس بات کی کوشش کرر ہے ہیں کہ اساتذہ ان تعطیلات کے دوران ہی اپنے مضامین کے پرچہ جات کی تیاری کے علاوہ نصاب کی تیاری کو ممکن بنالیں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔