کارپوریٹ دواخانوں سے اضافی چارجس کی وصولی کا آ غاز

   

23 دواخانوں کو محکمہ صحت کی نوٹس
حیدرآباد: ہائی کورٹ کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے محکمہ صحت نے کارپوریٹ دواخانوں میں کورونا کے علاج کے لئے مریضوں سے حاصل کئے گئے اضافی چارجس واپس لینے کی کارروائی شروع کردی ہے ۔ ہائی کورٹ نے حکومت کو ہدایت دی تھی کہ کارپوریٹ دواخانوں سے اضافی رقم وصول کرتے ہوئے مریضوں کو واپس کی جائے ۔ محکمہ صحت کی جانب سے ابھی تک 23 دواخانوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اضافی طور پر وصول کردہ 64 لاکھ روپئے فوری واپس کریں۔ ہیلت سکریٹری مرتضیٰ علی رضوی نے تمام ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر کو ایسے دواخانوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی ہے جو زائد چارجس وصول کر رہے ہیں۔ عہدیداروں سے کہا گیا کہ وہ رقم کی واپسی کا فوری طور پر انتظام کرے۔ ورنگل ضلع میں ایک کارپوریٹ ہاسپٹل میں مریض سے حاصل کردہ زائد رقم واپس کردی ہے۔ حکومت نے دوبارہ اضافی چارجس وصول کرنے کی صورت میں لائسنس منسوخ کرنے کی دھمکی دی ہے۔ ہر ضلع میں میڈیکل اینڈ ہیلت عہدیداروں کی جانب سے عوام سے شکایات وصول کی جارہی ہیں اور تحقیقات کیلئے عہدیداروں کی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جو ہاسپٹل پہنچ کر ریکارڈ کا جائزہ لے رہی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے مئی کے آخری ہفتہ میں 64 دواخانوں کو زائد چارجس کی وصولی پر وجہ نمائی نوٹس جاری کی تھی۔ 22 ہاسپٹلس کے لائسنس منسوخ کردیئے گئے تھے۔ تاہم ہائی کورٹ کی مداخلت کے بعد لائسنس کو بحال کیا گیا۔