کارپوریٹ سیکٹر کو ٹیکس میں رعایتیں خوش آئند : ونود کمار

   

نرملا سیتا رامن کا بیان غیر متوقع نہیں، تلنگانہ میں نئی صنعتوں کے قیام کی حوصلہ افزائی

حیدرآباد۔/20 ستمبر، ( سیاست نیوز) نائب صدر نشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے کہا کہ مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رامن کی جانب سے کارپوریٹ سیکٹر کو بڑے پیمانے پر رعایتوں کا اعلان خوش آئند ہے۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ونود کمار نے کہا کہ نرملا سیتا رامن کا یہ اعلان اچانک اور چونکا دینے والا اس لئے نہیں ہے کیونکہ سابق وزیر فینانس ارون جیٹلی نے پہلے ہی اس بات کا اشارہ دے دیا تھا کہ آنے والے دنوں میں کارپوریٹ سیکٹرس کو ٹیکس میں بڑے پیمانے پر رعایتیں دینے پر حکومت غور کررہی ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ اس اعلان سے مرکزی حکومت ایک لاکھ 45 ہزار کروڑ کی آمدنی سے محروم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے ریاستوں کو دیئے جانے والے فنڈز میں بھی کمی کا امکان ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ تلنگانہ میں نئی کمپنیوں کو 15 فیصد ٹیکس میں رعایت کے نتیجہ میں فارما کمپنیوں نے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے۔ فارماسٹی کے قیام کیلئے تلنگانہ حکومت نے اراضی کے حصول کا عمل شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں صنعتوں کے قیام کیلئے اراضی دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیداواری شعبہ میں آنے والی صنعتوں کو تلنگانہ ریاست ہر ممکن رعایتیں و سہولتیں فراہم کرے گی۔ ونود کمار نے کہا کہ پہلے ہی مرکزی حکومت ایک لاکھ 50 ہزار کروڑ کے خسارے میں ہے ایسے میں مزید ایک لاکھ 45 ہزار کروڑ کا بوجھ پڑسکتا ہے۔ مرکزی حکومت کو اس فیصلہ کے نتیجہ میں کئی اسکیمات پر عمل آوری کو روکنا یا پھراسکیمات کے فنڈز کو کم کرنا پڑے گا۔ انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ ریاستوں کو دیئے جانے والے فنڈز میں بھی بڑے پیمانے پر کمی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی صنعتوں کے قیام سے معاشی ترقی کے امکانات کو دیکھتے ہوئے مرکز نے کارپوریٹ سیکٹر کیلئے ٹیکس میں بھاری رعایتوں کا اعلان کیا ہے۔ ونود کمار نے امید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت کے اعلانات سے ملک کی معیشت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔