ریاست میں مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ پر محکمہ صحت کے اقدامات
حیدرآباد: محکمہ صحت تلنگانہ نے ریاست تلنگانہ کے تمام کارپوریٹ و خانگی دواخانوں کو 50 فیصد بستر کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لئے مختص کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعدا د میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے آج ایک سرکیولر جاری کرتے ہوئے ریاست کے تمام کارپوریٹ دواخانوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے پاس موجود بستروں کی تمام تر تفصیلات محکمہ صحت کو روانہ کریں اور ان میں 50 فیصد بستر کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لئے مختص کرنے کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔بتایاجاتا ہے کہ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے آج منعقدہ ایک اجلاس میں کارپوریٹ دواخانوں کے ذمہ دارو ںکو مشورہ دیا کہ وہ دیگر مریضوں کی تعداد اور آپریشن وغیرہ کو ملتوی کرنے کے اقدامات کریں اور زیادہ سے زیادہ کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج پر توجہ مرکوز کریں ۔ عہدیداروں نے دواخانہ کے ذمہ داروں کو دواخانوں کے قریب موجود ہوٹلوں میں کورونا وائرس کے مراکز قائم کرنے کی بھی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ قرنطینہ کے مراکز کے علاوہ معمولی علامات کے ساتھ رجوع ہونے والوں کے علاج کو یقینی بنانے کے لئے انہیں ان ہوٹلوں میں رکھنے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ دواخانہ میں موجود بستروں کو شدید علامات کے ساتھ دواخانوں سے رجوع ہونے والے مریضوں کے علاج کے لئے استعمال کیا جاسکے۔