رینبو چلڈرن ہاسپٹل بنجارہ ہلز کی شکایت پر کارروائی ،ایک گرفتاری
حیدرآباد۔ /16 اگست (سیاست نیوز) بنجارہ ہلز کے ایک کارپوریٹ دواخانہ کے سکیورٹی عملہ پر حملہ کرنے کے الزام میں پولیس بنجارہ ہلز نے پرانے شہر کے مجلسی کارپوریٹر کے بیٹے اور ان کے دیگر رشتہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر بنجارہ ہلز این کلینگا راؤ نے کہا کہ /14 اگست کی شب رفیع ، طحہ قادری جو مجلسی کارپوریٹر پتھر گٹی ڈیویژن کے بیٹے بتائے گئے ہیں اور دیگر افرادبشمول اسلم رینبو چلڈرن ہاسپٹل واقع بنجارہ ہلز پہونچ کر وہاں زیرعلاج ایک مریض سے ملاقات کرنے کی کوشش کی لیکن ملاقات کا وقت ختم ہونے پر وہاں کے سکیورٹی عملہ نے ان کے داخلہ کی اجازت نہیں دی اور اعتراض کیا ۔ پولیس بنجارہ ہلز نے بتایا کہ سکیورٹی گارڈ اشوک سے رفیع اور دیگر افراد نے بحث و تکرار کی ۔ بعد ازاں اسے زدوکوب کیا اور دواخانہ میں ہنگامہ آرائی کی ۔ رینبو ہاسپٹل کے انتظامیہ نے فوری بنجارہ ہلز پولیس کو اس بات کی اطلاع دی اور پولیس عملہ وہاں پہونچ کر رفیع کو حراست میں لے لیا ۔ پولیس نے دواخانہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرلی اور اس کے تجزیہ کے بعد سکیورٹی گارڈ پر حملہ میں ملوث 5 افراد کی نشاندہی کرلی گئی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمین کے خلاف تعزیرات ہند کے دفعات 448 ، 323 ، 452 ، 147 اور میڈیکیر سرویس پرسنس اور میڈیکیر انسٹی ٹیوشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ پولیس نے گرفتار ملزم رفیع کو عدالتی تحویل میں دیدیا ۔
